جنگی ہیرو سپاہی مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں انتقال کر گئے
جنگی ہیرو سپاہی مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں انتقال کر گئے
اٹک: پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ جنگی ہیرو سپاہی مقبول حسین سی ایم ایچ اٹک میں انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق سپاہی مقبول حسین 1965 کی جنگ کے دوران بھارتی فوج کے جنگی قیدی بنے، قید کے دوران ان پر بے پناہ تشدد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقبول حسین 40 سال بھارتی جیلوں میں قید رہنے کے بعد 2005 میں رہا ہوئے، سپاہی مقبول حسین کو بہادری پر ستارۂ جرات سے نوازا گیا، وہ سی ایم ایچ میں زیرِ علاج تھے۔
آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مقبول حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، انھیں کل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
انیس سو پینسٹھ کی جنگ میں بہادری کا مظاہرہ کرنے والے باہمت سپاہی مقبول حسین کے انتقال پر قوم کی آنکھیں اشک بار ہیں۔
واضح رہے کہ سپاہی مقبول حسین 1965 کی جنگ میں سری نگر میں ایک کام یاب آپریشن میں زخمی ہو کر انڈیا کے قیدی بنے تھے، ان پر بھارتی فوجیوں نے اتنا تشدد کیا کہ وہ اپنی یادداشت بھی کھو بیٹھے، ان کی زبان بھی کاٹی گئی تھی۔